.......
ش م۔ فاسٹ فارورڈ، آپ این سی اے میں سکلپچر پڑھنا شروع ہوگئے۔ مجھے آپ کا تھِیسز پروجیکٹ اچھی طرح یاد ہے۔ اب دیکھیں آپ آج وہ ہیں جس کے پیچھے این سی اے کی کلچرل لائف کا تجربہ بھی ہے، تھیٹر، ڈرامہ، میوزک ،شاعری۔ اس کے علاوہ آپ کا اسٹاک ہومز ، سویڈن سے ماسٹرز کا تجربہ۔ اب یہ کافی بڑا مکسچر ہے علوم کا۔ اگر یہ دیکھیں کہ مشرق، ساؤتھ ایسٹ ایشیا، اور مغرب کا رویہ کرافٹ کے بارے کیسا ہے، تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ یہ بہت ہی مختلف دُنیایئں ہیں ۔ مجھے یہ بتائیں کہ ہر کلچر میں فائن میکنِگ بڑی اِمپورٹنٹ ہے، لیکن آخر یہ ہم انسانوں کی زندگی پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے؟
ک ب۔ میں نہیں جانتا کہ میں یہ بات الفاظ میں بیان کر سکوں گا یا نہیں، لیکن کچھ بھی بنانے کا تعلق انسان کی ایِگو یعنی اَنا سے ہے۔ یہ بڑی قدرتی چیز ہے۔ اس کو ایسے بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ مشکل حالات میں اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی بھرپور کوشش بھی ھماری اَنا کا ہی کام ہے، کہ کچھ بھی ہو ،میں موجود ہوں اور میں ہی اپنی زندگی ، اور زندگی کے معنی کی حفاظت کروں گا۔ اگر ہماری انَا کمزور پڑ جائے تو مشکلات ہم پہ حاوی ہو جائیں گی ،شاید ہمیں ختم ہی کر دیں، اسی لیے قدرت نے ہمارے اندر انَا کی طاقت رکھی ہے کیونکہ مضبوط انَا ہی ہماری زندگی کی گارنٹی ہے ۔ اسی قدرتی طاقت کی وجہ سے ، جس کو ہم شاید اتنا پہچانتے بھی نہیں، ہمارے اندر ایک بہت گہری خواہش ہوتی ہے کہ ہم کچھ نہ کچھ تخلیق کریں۔ کبھی آوازوں سے میوزک یا کبھی مٹیریلز سے کوئی استعمال کی چیز بنا ڈالیں۔......